کتاب:- وازوان
مصنّف:- عامر ہاشم خاکوانی صاحب
ناشر:- بک کارنر جہلم
تبصرہ نگار:- ✍۔محمد عمران اسحاق


جب میرے پاس کچھ کتابیں جمع ہو جاتی ہیں تو پھر اِن میں سے پڑھنے کے لیے کم از کم چار، پانچ کتابوں کا انتخاب کرتا ہوں، پھر یکسوئی کے ساتھ وقت نکال کر اِن کا مطالعہ کرنے لگتا ہوں.
ہے اور حتیٰ الامکان کوشش کرتا ہوں کہ مطالعے کے بعد کتاب پر اپنی رائے دوں ۔
اِن مُنتخب کتابوں میں سینئیر صحافی ، کالم نگار اور مختلف کتابوں کے مصنّف محترم عامر ہاشم خاکوانی صاحب کے میٹھے ، تیکھے اور معلوماتی کالموں پر مشتمل خوب صورت سرورق ، پُرکشش مضامین کی فہرست ،اعلیٰ کوالٹی کے پیپرز، مضبوط رنگین جِلد اور مضبوط بائنڈنگ رکھنے والی کتاب” وازوان ” بھی شامل تھی ،جس کے صفحات کی تعداد تقریباً پونے چار سو کے لگ بھگ ہے، اس دِلکَش اور دلفریب کتاب کو معروف پبلشر بک کارنر جہلم نے انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ شائع کیا ہے جس کا اندازہ کتاب کے سرورق پر پہلی نظر پڑتے ہی ہوجاتا ہے ۔
اس خوب صورت اور قابلِ تعریف کتاب پر تفصیلی تبصرہ میں نے اپنے ایک کِتاب دوست محترم عمر شاہد تگہ صاحب (سب انسپکٹر پنجاب پولیس) کی وال پر پڑھا تھا اور اِسی وقت اِسے خرید کر پڑھنے کا فیصلہ کیا اور آج الحمدللّٰہ اس مقصد میں سرخرو ہوا ۔
عامر ہاشم خاکوانی صاحب پیشے کے لحاظ سے ایک صحافی ہیں اور 92 اخبار میں ان کے کالم بھی شائع ہوتے ہیں ، ان کے دل چسپ اور معلوماتی کالموں کے مجموعوں پر مشتمل کتاب ” وازوان” پر اپنا جائزہ پیش کرتا ہوں۔
مصنف "وازوان” میں عسکریت پسند/ گوریلا تنظیموں سے تعلق رکھنے والے احمد عمر سعید جو عمر شیخ نام سے مشہور ہوا جس نے ایک امریکی صحافی ڈینئیل پرل کو بڑے ڈرامائی انداز میں قتل کروادیا تھا اُس پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہیں اور دل چسپ انداز میں قارئین کو تاریخ سے روشناس کرواتے ہیں۔
عربی ادب اور حکایات میں بلوغ الارب زمانہ جہالت کے حالات پر مشتمل کتاب اور حاتم طائی کی سخاوت کو اس انداز میں متعارف کرواتے ہیں کہ پڑھنے والا داد دیئے بنا رہ نا سکے ۔
تصوّف کے موضوع پر سرفراز شاہ صاحب کا تفصیلی انٹرویو لکھتے ہیں اور تصوف سے لگاؤ رکھنے والے دوستوں کے لیے ہیرے کی مانند قیمتی اور نایاب گفتگو اس میں پڑھنے کو ملتی ہے اور تصوف کو صحیح معنوں میں سمجھنے اور اس کے بارے میں مختلف لوگوں کے اعتراضات کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے ،
عملِ خیر کے موضوع پر رمضان المبارک میں کیے جانے والے مختصر اور جامع اعمال کرنے کی گزارش کرتے ہیں جن کو کرنے سے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کو مزید قیمتی بنایا جاسکتا ہے ۔ ان اعمال کو تفصیل سے پڑھنے والے مجھے اُمید ہے کہ ذندگی میں اپنانے کی کوشش ضرور کریں گے۔
سبق آموز موضوع پر قلم اٹھاتے ہیں تو ایسے نامور شخصیات کا ذکر کرتے ہیں جو کبھی اپنے زمانے میں بہت نامور اور مشہور ہوا کرتے تھے پھر حالات کی گردشوں نے انہیں گم نام اندھیروں میں بکھیر دیا اور وہ اب پردہ سکرین سے بہت دور ہیں۔ اسے تفصلاً پڑھنے سے زندگی کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے ۔
مصنف زندگی کے رنگ بکھیرتے ہوئے کتب بینی میں دل چسپی رکھنے والے دوستوں کو حیرت انگیز ، دل چسپ اور علم سے بھرپور فکشن اور نان فکشن ناولوں اور دل چسپ تاریخی کتابوں سے متعارف کرواتا ہے جو کتابوں سے عشق کرنے والے قارئین کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتیں ہیں ،ان میں قدیم اور عظیم ناولوں اور تاریخی کتابوں کا تذکرہ مُصنّف اس انداز میں کرتا ہے کہ پڑھنے والا موضوع ختم ہونے سے پہلے انہیں منگوا کر اپنی ٹیبل پر رکھ لیں اور ان کو پڑھنے کی تیاری شروع کر دے ۔
پاکستانی سیاسی تاریخ اور مختلف سیاستدانوں کے بارےمیں ایسی معلومات پڑھنے کو ملتی ہے جن کو پڑھنے کے بعد قارئین کے سامنے ان کی حقیقت واضح ہو جائے اور ان سیاسی مداریوں کی خاطر کبھی بھی آپس میں دست و گریباں نہ ہوں ۔
ڈاکٹر عبد القدیر مرحوم صاحب کے متعلق وہ حقائق سامنے لاتے ہیں جن سے آج تک بہت ہی کم لوگ واقف ہوں اور پڑھنے کے لائق ہیں ۔
فلموں سے دلچسپی رکھنے والے دوستوں کے لیے ایسی سنسنی خیز اور عمدہ فلموں کا انتخاب کرتے ہیں جو دیکھنے والوں پر اپنا سحر چھوڑتی ہیں، دل چسپی رکھنے والے مصنف کی پسند پر داد دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔
سب سے آخری دو کالموں میں ایسے ایسے خوش ذائقہ، لذیذ، مزے دار اور دلفریب پکوانوں کا تذکرہ کرتے ہیں جن کے بارے میں پڑھتے ہوئے اُن کا ذائقہ زبان پر محسوس ہونے لگتا ہے
گویا یہ کتاب اپنے صفحات پر ایسے مضامین کی تکمیل رکھتی ہے جو ہر طرح کے ذوق و شوق رکھنے والے قاری کے ذہن پر اپنا نقش اور دل پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں ، بیشرطکہ اس کتاب ” وازوان” کا مطالعہ کیا جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے