ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کے شعری مجموعے "مجال” کی مطالعاتی نشست

حلقہ ارباب ذوق لاہور کے زیر اہتمام ممتاز سینئر شاعر و ادیب ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کے شعری مجموعے "مجال” کی مطالعاتی نشست۔

رپورٹ : فیصل زمان چشتی


27 ستمبر 2023 بروز جمعتہ المبارک حلقہ ارباب ذوق لاہور کا خصوصی اجلاس پاک ٹی ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا۔ یہ اجلاس خصوصی اجلاس تھا جس ممتاز سینئر شاعر و ادیب ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کے شعری مجموعے "مجال ” کی مطالعاتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کراچی سے تشریف لائے ہوئے سینئر شاعر پروفیسر شاہد کمال نے کی۔ نظامت کے فرائض اعجاز رضوی نے ادا کیے۔ اس خصوصی نشست میں ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کے فن اور شخصیت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور مضامین پڑھے گئے ۔ ان کی شخصیت کے متعلق خاکے بھی سنائے گئے۔ اعجاز رضوی اور شاہد ظہیر سید نے انتہائی خوبصورت اور شگفتہ انداز میں لکھے گئے خاکے پڑھ کر سنائے جس سے تمام لبوں پر مسکراہٹیں بکھرتی رہیں۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر اشفاق احمد ورک شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ بہت عمدہ مزاح نگار بھی ہیں اور ان کی شاعری میں بھی اس کا پرتو نظر آتا ہے۔ ان کی کتاب "مجال ” میں ان کی شاعری کے دوحصے ہیں ایک سنجیدہ اور دوسرا طنزو مزاح ۔ ڈاکٹر اشفاق احمد ورک معاشرے کے نباض ہیں اور اپنے کلام میں معاشرتی،سماجی اور سیاسی مسائل پر بڑے شگفتہ اور لطیف انداز میں قلم اٹھاتے ہیں۔ وہ سماجی شعور کے شاعر ہیں۔ انہوں نے اپنے موضوعات کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ اس کتاب میں ایک بڑی تعداد ان کی نظموں کی بھی ہے۔ جو انتہائی سنجیدہ اور جذبات و احساسات سے لبریز ہیں۔ ان میں ان کی فکری اور شعوری سطح ابھر کر سامنے آئی ہے۔ یہ کتاب ان کا شخصی اور فکری دائرے میں خوبصورت اور مضبوط حوالہ ہے۔

ڈاکٹر اشفاق احمد ورک معتبر اور قدآور شاعر ہیں۔ ان کی شاعری اپنی مٹی اور زندگی سے جڑی ہوئی ہے۔ ان کو زمان و مکاں اور حالات و واقعات کا پوری طرح ادراک ہے۔ یہ کتاب "مجال ” اردو شعر و ادب میں ایک خوبصورت اور باوقار اضافہ ہے۔ مضامین پڑھنے والوں اور گفتگو میں حصہ لینے والوں میں حافظ طلحہ غفور، فیصل زمان چشتی، ذنیرہ بخاری، اعجاز رضوی، شاہد ظہیر سید، پروفیسر شفیق احمد خان، ڈاکٹر غفور شاہ قاسم، فرحت عباس شاہ اور صاحب صدارت پروفیسر شاہد کمال شامل تھے۔ صاحب کتاب ڈاکٹر اشفاق احمد ورک نے کہا کہ میں حلقہ ارباب ذوق ، اس کی پوری ٹیم ، اجلاس میں شرکت کرنے والوں اور گفتگو کرنے اور مضامین پڑھنے والے تمام احباب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے وقت نکال کر بےپناہ محبت کا ثبوت دیا اور پذیراٸی بخشی۔ میرے لیے یہ مقام شکر ہے کہ اتنے پیارے اور محبتیں نچھاور کرنے والے میرے آس پاس موجود ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنا خوبصورت کلام بھی عطا کیا اور بےپناہ داد و تحسین سمیٹی۔ سب سے آخر میں صاحب صدارت پروفیسر شاہد کمال نے صدارتی خطبہ دیا اور ڈاکٹر اشفاق احمد ورک کی کتاب "مجال ” کے بارے میں اپنے خوبصورت جذبات کا اظہار کیا اور اسے اردو ادب میں خوبصورت اضافہ قرار دیا۔ اس کے بعد صاحب صدارت سے بھی ان کی شاعری سنانے کی فرمائش کی گئی ، انہوں نے بھی خوبصورت اور شاندار کلام عطا کیا اور ڈھیروں داد سمیٹی۔ صاحب صدارت کے کلام کے اختتام کے ساتھ ہی اجلاس کے اختتام کا اعلان بھی کر دیا گیا۔



Print Friendly, PDF & Email
Author: ایڈیٹر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے